نیویارک: پاکستان اور بنگلا دیش نے فلسطینی عوام اور ان کے جائز مؤقف کےساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی بنگلا دیش کے مشیر خارجہ توحید حسین سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل کانفرنس کے موقع پر ہوئی، اکتوبر 2024 کے بعد دونوں رہنماؤں کی یہ چوتھی ملاقات ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی رابطوں اورعوامی سطح پر تبادلوں کے فروغ پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے مستقبل میں اعلیٰ سطح دوروں پر بھی اتفاق کیا۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے فلسطین (غزہ) میں سنگین انسانی بحران اور اسرائیلی جارحیت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فلسطینی عوام اور ان کے جائز مؤقف کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کانفرنس سے بامعنی نتائج کی امید ظاہر کی۔