اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے لیے پروازوں کے آغاز سے سیاحٹ کو بھی فروغ ملے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملاقات کی، شہباز شریف نے برطانیہ کے لیے پروازوں پر پابندی کے خاتمے پر انہیں مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے ایوی ایشن ڈویژن کی پذیرائی کی اور خواجہ آصف اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے لیے پاکستانی پروازوں کا دوبارہ آغاز انتہائی اہم سنگ میل ہے، ماضی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے غیرذمہ دارانہ بیانات سے پابندیاں لگیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے غیرذمہ دارانہ بیانات سے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پروازوں کی پابندی کے خاتمے سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے سفری سہولت میں اضافہ ہوگا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم اور وزیر دفاع نے ملاقات میں سیاسی اور وزارتی امور پر بھی گفتگو کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، اور پاکستانی ایئر لائنز پر پابندیاں ختم ہو گئیں۔
برطانوی ہائی کمیشن نے کہا کہ برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں، پاکستانی ایئرلائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کی درخواست دے سکتی ہیں۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پابندیوں کے خاتمے کا فیصلہ ایوی ایشن سیفٹی میں بہتری پر یو کے ایئر سیفٹی کمیٹی نے کیا ہے، اب ایئر لائنز کو پروازوں کے لیے یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔