جنرل ساحر شمشاد مرزا کی پیپلزلبریشن آرمی کے 98ویں یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی، انھیں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بیجنگ میں تقریب کےمہمان خصوصی بنے، تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، تاجربرادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے چین کی قیادت، عوام اور پی ایل اے کو یوم تاسیس پر مبارکباد کا پیغام دیا۔
جنرل ساحر شمشاد نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی ترقی اور جدیدیت کو خراج تحسین پیش کیا، جنرل ساحرمرزا نے چین کو علاقائی سلامتی و استحکام کا ضامن اور عالمی امن کا ستون قرار دیا۔
جنرل ساحرشمشاد نے کہا کہ چین نے دنیا میں امن، استحکام، خوشحالی کے اہم ستون کے طور پر مقام حاصل کیا، پاکستان چین کیساتھ شراکت داری کو ہر سطح پر وسعت دینے کیلئے پُرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان چین آزمودہ، پائیداراور آہنی بھائی چارے کو مزید وسعت دینے کا عزم رکھتے ہیں، پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کےعزم کا اعادہ کیا گیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ سی پیک منصوبوں، دفاعی تعاون اور علاقائی ہم آہنگی میں شراکت جاری رہےگی۔