اسرائیل ایران کے ہاتھوں شکست کھا چا ہے اب وہ دن دور نہیں جب امریکہ بھی ایران کے ہاتھوں شکست سے درچار ہوگا، علامہ شبیر حسین میثمی
امریکہ کا ایران کے جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی دہشتگردی،بزدلانہ اقدام اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، علامہ اشیاق حسین کاظمی
ایران کے جوہری تنصیبات پر امریکی حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے، ایران پر امریکی حملہ دنیا کے امن و سلامتی کیلئے براہ راست خطرہ ہے، علامہ عمران علی حیدی

راولپنڈی 22جون 2025ء شیعہ علماء کونسل ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام ایران پر امریکہ اسرائیلی حملوں کیخلاف پُر امن احتجاجیریلی نکالی گئی جس کی قیادت شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی، علامہ فیاض حسین مطہری ، صوبائی صدر شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب علامہ اشتیاق حسین کاظمی ،ڈ ویژنل صدر شیعہ علماء کونسل راولپنڈی علامہ عابد شجاعی ،ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل ضلع راولپنڈی علامہ عمران علی حیدی ، ضلعی جنرل سیکرٹری سید جابر حسین کاظمی نے کی ، احتجاجی ریلی میں تمام تحصیلوں کے صدور،عہدیداران و کارکنان کے علاوہ جماعت اسلامی کے رضا احمد شاہ ، عبدالرحیم بابر، بختیار الحق کیانی نائب امیر راولپنڈی ، مولانا عثمان عثمانی صدر جمعیت اتحاد العلماء ،قاری شبیر ، پاکستان پیپلز پارٹی کے پنجاب کے صدر ملک خالد نواز بوبی ، سیاسی و مذہبی رہنما سردار محمد تاج ، مولانا کوثر عباس قمی ممبر امن کمیٹی ضلع راولپنڈی ،عزادارکونسل کے سید نجم نقوی المعروف نومی شاہ، انجمن تاجران ڈبل روڈ کے صدر سید علمدار حسین کاظمی ، امام بارگاہ یاد گار حسین کے متولی نجم جعفری ،ماتمی دستوں کے سالارو دیگر شخصیات سمیت کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے امریکہ کا ایران کے فردو، نطنز اور اصفہان کے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا ایران کے جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی دہشتگردی،بزدلانہ اقدام اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، ہم مشکل کی اس گھڑی میںایرانی عوام کے ساتھ ہیں، امریکی حملہ ایرانی خودمختاری پر حملہ ہے جس پر تمام آزادی پسندوں کواس سامراجی حملے کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے۔امریکہ کے حملے سے پتہ چل گیا کہ اسرائیل ایران کے ہاتھوں شکست کھا چکاہے اب وہ دن دور نہیں جب امریکہ بھی ایران کے ہاتھوں شکست سے درچار ہوگا۔، صوبائی صدر شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب علامہ اشتیاق حسین کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلی میں تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کرکے یہ ثابت کر دیا کہ اس ملک میںشیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے بلکہ ظالم سے نفرت کیلئے ہمہ وقت ہر جماعت آمادہ ہے ۔انہوںنے کہا پہلے یہ بحث تھی کہ اسرائیل جنگ جیتا یا ہارالیکن امریکہ کا جنگ میں کود جانااس بات کی دلیل ہے کہ اسرائیل ایران کے ہاتھوں یہ جنگ ہار چکا ہے،انہوںنے اعلان کیا کہ ہم قائد ملت جعفریہ کی حکم پر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں۔ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل ضلع راولپنڈی علامہ عمران علی حیدی نے کہاکہ اسرائیل کی ایران پر حملے کھلی جارحیت ہے جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا ، آج ہم نے اسرائیل کیخلاف اور ایران کے حق میں آواز بلند نہ کی او راس ظلم کو نہ روکا تو یہ سلسلہ دوسرے اسلامی ممالک تک بھی پہنچ سکتا ہے ، دیگر مقریرین نے امریکہ کی جانب سے ایران کے جوہری تنصیبات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہ ایران کے جوہری تنصیبات پر امن مقاصد کیلئے ہے اور امریکی حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے، ایران پر امریکی حملہ دنیا کے امن و سلامتی کیلئے براہ راست خطرہ ہے ۔ آخر میں آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی طول عمرکی دعا کے ساتھ علامہ فیاض حسین مطہری نے ملک و سلامتی کیلئے دعا کی۔