20 جون کو خطبات جمعہ میں اور بعد از نماز جمعہ ایرانی عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہوئے سامراجی صہیونیوں کے حملوں کیخلاف بھرپور احتجاج کیاجائے

قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ایک بار پھر ایران پر سامراجی صہیونیوں کی کھلی جارحیت اور جنگ مسلط کرنے بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی جوابی حملوں نے صہیونیت کے تکبر کوخاک میں ملادیا،صہیونیوں کے زوال کا آغاز ہو چکا ہے ، موجودہ صورتحا ل کے مطابق فلسطین ، غزہ کو کھنڈر بنانے والے قابض صہیونی ٹولہ خود عبرت کا نشان بن رہا ہے ۔ طاقت کے نشے میں چورصہیونیوں کے مراکز کی ایران کے ہاتھوں تباہی و بربادی کے مناظر پوری دنیا دیکھ رہی ہے، صہیونیوں کی ملٹری بیسز،انفراسٹریکچر،بلند و بالا عمارتیں سب مٹی کا ڈھیر اور کھنڈر بن رہے ہیں ، جس سے مظلوم فلسطینیوں اور غزہ کی عوام کے زخموں پر مرہم اور دکھوں کا مداوا ہو رہا ہے، دوسری جانب صہیونیوں کی جانب سے ایران پر حملوں و کھلی جارحیت اور جنگ پرپاکستانی عوام برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑ ے ہیں ۔قائد ملت جعفریہ نے صہیونی حملوں میں اعلیٰ سرکاری عہدیداران ، کمانڈرز،سائنسدانوں سمیت سویلین کی شہادتوں پرپاکستانی قوم و ملت کی جانب سے ایک بار پھر دلی ہمدردی اور گہرے دُکھ کا اظہار،تعزیت و تسلیت اور شہداکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر و جمیل کی دعافرمائی ۔علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ عالم اسلام کیلئے یہ سنہری موقع اور وقت کا تقاضا یہ ہے کہ وہ متحد ہوکر ایران کا ساتھ دیں تا کہ قابض سامراجی صہیونیوں کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے تاریخی شکست سے دوچار اور بیت القدس، فلسطین ،غزہ کو آزاد کرایا جاسکے۔آخر میں علامہ ساجد نقوی نے 20 جون کو خطبات جمعہ میں اور بعد از نماز جمعہ ایرانی عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سامراجی صہیونیوں کے حملوں کیخلاف بھرپور احتجاج کئے جانے کا اعلان کیا۔