پیر, جون 9, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 9

دوست ممالک کے دورے: وزیراعظم ایران کے بعد آذربائیجان پہنچ گئے

0

باکو: وزیراعظم شہباز شریف دوست ممالک کے دورے کے اگلے مرحلے میں ایران کا دورہ مکمل کرکے آذربائیجان پہنچ گئے۔ 

وزیراعظم آذربائیجان کے صدر کی دعوت پر لاچین کے ہوائی اڈے پہنچے جہاں  آذربائیجان کے وزیرخارجہ اور پاکستانی سفیرقاسم محی الدین نے شہباز شریف کا استقبال کیا۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کےلیے لاچین شہر پہنچے ہیں۔

حکام کا بتانا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ آذر بائیجان کے بعد تاجکستان جائیں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم نے اپنا دو روزہ دورہ ایران مکمل کیا، اس دوران وزیراعظم کی ایرانی  سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیراعظم اور ایرانی رہنماؤں کی ملاقاتوں میں پاکستان ایران تعلقات بالخصوص تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ پر گفتگو ہوئی جب کہ  بھارت کی پاکستان پر مسلط کردہ جنگ کے دوران ایران کی کوششوں کو سراہا گیا۔

اس کے علاوہ ملاقاتوں میں اسٹریٹیجک تعلقات کی مضبوطی اور غزہ میں جاری صیہونی مظالم کی فوری روک تھام پر گفتگو کی گئی۔ 

بتائیں بانی پی ٹی آئی کیا چیز چھوڑیں تو آپ اسے رہا کریں گے: علیمہ خان

0

اسلام آباد: عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کریں اور ہمیں بتائیں کہ بانی پی ٹی آئی کیا کریں اور آپ کو کیا چاہیے جو آپ انہیں رہا کردیں گے۔

اسلام آبادہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ چیف جسٹس نے کہا تھا غلطی سے عملے نے کیس لسٹ میں نہیں ڈالا، چیف جسٹس نے کیس مقررکرنے کا خود وعدہ کیا، وہ وعدہ کررہے ہیں، آپ یہاں سے چلے جائیں،کیس وقت پرسنا جائے گا، شکر ہے کیس لگ گیا ہے، پارلیمنٹرینز نے ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دھمکیاں آتی ہیں آپ کی گاڑی کا ایکسیڈنٹ ہوجائےگا، آپ ایم این ایز اور پارلیمنٹرینز کو نہ دھمکائیں، یہ چیزیں نہ کریں،  ہم آپ سے نہیں ڈر رہے، آپ بھی نہ ڈریں۔

علیمہ خان نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ ہم سے آکر بات کریں، آپ کو بات کرنی ہے تو ہم عورتیں آپ کے سامنے بیٹھ جاتی ہیں مگر سامنے آکر بات کریں، 2 سال سے ہمیں یہ نہیں پتا چل رہا کہ آپ مانگ کیا رہے ہیں، بتائیں بانی پی ٹی آئی کیا چیز چھوڑیں تو آپ اسے رہا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا  کہ پیچھے سےنہیں، سامنے آکر بات کریں، ہم بیٹھیں گے، ہم تیار ہیں، اگر Give and Take کرناچاہتے ہیں توبتادیں، ہمیں بتائیں کہ بانی پی ٹی آئی کیا Give کریں اور آپ کو کیا چاہیے۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے ساری زندگی جیل میں رکھ لیں جھکوں گا نہیں، بتایا جائے بانی پی ٹی آئی نے آپ کا کیا بگاڑا ہے۔

پاکستان کا اسلامی دنیا میں خاص مقام ہے، آیت اللہ خامنہ ای کا سوشل میڈیا پر پیغام

0

اسلام آباد: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ پاکستان کا اسلامی دنیا میں ایک خاص مقام ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی رہنما آیت اللہ خامنہ ای نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا پاکستان کا اسلامی دنیا میں خاص مقام ہے، مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا مؤقف قابل تعریف ہے۔

انھوں نے کہا غزہ میں صہیونی طاقت کے جرائم روکنے کے لیے ایران اور پاکستان کو مل کر کام کرنا چاہیے، ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں، امت مسلمہ کی سلامتی کا واحد راستہ مسلم اقوام کا اتحاد ہے۔

دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر دورہ ایران کے حوالے سے پیغام میں کہا ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ایک دوستانہ اور پرجوش ملاقات ہوئی، ایران کے عظیم عقائد کے حامل، سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے ملنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا۔

انھوں نے کہا خاص طور پر مسلم امہ کو درپیش موجودہ چیلنجز کے حوالے سے میں نے آیت اللہ خامنہ ای کی رائے جانی، ہم نے ملاقات میں باہمی مفادات، دو طرفہ اور علاقائی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا، اور حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے لیے ایران کے ثالثی کردار اور ان کی تشویش کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا پاکستان مسلم امہ میں ایران کے کردار کی قدر کرتا ہے۔

ایم 6 اور ایم 10 موٹر ویز کے حوالے سے اچھی خبر

0

کراچی: وفاقی وزیر علیم خان نے کہا ہے کہ موٹر وے ایم 6 اور ایم 10 اب خواب نہیں، حقیقت بننے جا رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے کراچی آمد پر بزنس کمیونٹی سے اہم ملاقات میں موٹر وے منصوبوں کے حوالے سے بڑے اعلانات کیے ہیں۔

علیم خان نے کہا کہ ایم 6 منصوبہ اب مزید نظر انداز نہیں ہوگا، ایم سکس اور ایم ٹین موٹر ویز اب خواب نہیں، حقیقت بننے جا رہی ہیں، انھوں نے کہا 400 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کی مدد سے مکمل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کراچی کی بزنس کمیونٹی کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ اس انقلابی منصوبے میں سرمایہ کاری کریں، علیم خان نے بتایا کہ ایم 10 موٹر وے کی تعمیر سے کراچی پورٹ سے اشیا کی ترسیل کا نظام بہتر ہوگا، اور دونوں موٹر وے منصوبے 2 سال میں مکمل ہوں گے۔


وفاقی وزیر نے لیاری ایکسپریس وے سے ہیوی ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے حوالے سے کہا کہ اگلے 15 دن میں وہ وزیر اعظم کو اس سلسلے میں آگاہ کریں۔ وفاقی وزیر مواصلات نے بتایا کہ گزشتہ سال 64 ارب روپے کا ریکارڈ ریونیو کمانے والا نیشنل ہائی وے اتھارٹی، اس سال 110 ارب روپے کا ہدف حاصل کرنے جا رہا ہے۔

پاکستان اور بھارت دیرینہ مسائل کا مستقل حل نکالیں: ایرانی سفارتکار

0

کراچی میں ایران کے سکبدوش قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کو چاہیے کہ وہ جنوب ایشیا میں طویل البنیاد امن اور علاقائی استحکام کیلئے کام کریں اور دیرینہ مسائل کا مستقل حل نکالیں۔

کراچی میں ڈپلومیٹک کور کے ڈین کا کردار ادا کرنے والے حسن نوریان نے یہ بات بطور قونصل جنرل سکبدوش ہو کر وطن روانگی کے موقع پر کہی۔

پاک بھارت سخت کشیدگی کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورہ پاکستان اور بھارت کا حوالہ دیتے ہوئے حسن نوریان نے کہا کہ ایران حکومت بھی اس صورتحال کو قریب سے مانیٹر کررہی ہےاور امید ظاہر کی کہ صورتحال میں بتدریج بہتری آئے گی۔

پاکستان اور بھارت سے تاریخی، ثقافتی اور تجارتی رشتوں کے پس منظر میں حسن نوریان نے کہا کہ ایران اس بات کا متحمل ہی نہیں ہوسکتا کہ اس صورتحال سے صرف نظر کی جائے۔ہم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ اس پیچیدہ صورتحال کےدرمیان اصل میں ہوکیا رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی نکتہ سب سے پہلے پڑوسی اور پھر مسلم ممالک سے اچھے تعلقات کا قیام ہے۔اس لیے پاک بھارت تعلقات معمول پر لانے کیلئے ایران سے جو ممکن ہوا وہ اقدام کیا جائےگا۔ایک وجہ یہ بھی ہےکہ ایران پاکستان ہی نہیں پورے جنوب ایشیا سے اچھے تعلقات چاہتا ہےتاکہ یہ خطہ بھی ترقی کے منازل طے کرے۔

قونصل جنرل حسن نوریان کے دور میں پاک ایران تعلقات میں سفارتی، دفاعی،سیاسی، اقتصادی،تجارتی، تعلیمی، ثقافتی اور لوگوں کے درمیان رابطوں کے فروغ سے متعلق کئی نمایاں پیشرفت ہوئی تھیں۔

حسن نوریان نے جون سن 2021 میں بطور قونصل جنرل کراچی میں سفارتی منصب سنبھالا تھا۔4  ہی ماہ بعد ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے اعلیٰ وفد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں علاقائی امن کیلئے مل کر کام کرنے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ ردعمل سے متعلق امور پراتفاق کیا گیا تھا۔

اقتصادی لحاظ سے بھی دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آئی۔ خصوصاً سندھ سے تجارت بڑھانے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ۔حسن نوریان کے دور میں کراچی میں سولو سنگل کنٹری نمائش ہوئی ہے جس میں نائب وزیر کامرس آئے اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے معاہدہ طے پایا۔

اسی عرصے میں چل اگر تہران کے عنوان سے تجارت اور سرمایہ کاری کی کانفنرنس کا بھی انعقاد کیا گیا۔ یہی نہیں تہران چیمبر آف کامرس کا وفد بھی تقریباً ہر سال یہاں آیا۔تاہم اس عرصے میں سب سے بڑی پیشرفت ثالثی کے ذریعے تنازعات ختم کرنے کا معاہدہ تھا جو دونوں ملکوں کے تاجروں کیلئے غیر معمولی سہولت کا ذریعہ بنا۔

حسن نوریان کی کوششوں سے دونوں ملکوں کی جامعات کے طلبہ اور محقیقن کے تبادلے سے متعلق یونیورسٹیوں کے درمیان مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کیے گئے تاکہ تعلیم اور طب کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھا جاسکے۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں فارسی کی ترویج کیلئے ایران حکومت اور پاکستان کے درمیان مفاہمت بھی بڑھی۔

ثقافت کو فروغ دینے کیلئے ایران کی زیبائش سے لوگوں کو آگاہ کیا گیا۔ کراچی میں دلکش ایران کے عنوان سے 3 بار کانفرنس ہوئی جبکہ 2  اقوام ایک ضیافت کے عنوان سے فوڈ فیسٹیول جیسے پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔

مختلف شعبوں میں یہ پیشرفت اس حقیقت کے باوجود تھی کہ حسن نوریان نے جب عہدہ سنبھالا تو کچھ ہی عرصے بعد پاکستان میں عام اور پھر ایران میں دو بار صدارتی انتخابات ہوئے۔ عبوری حکومت کے ادوار میں سفارتی اور اقتصادی میدانوں میں پیشرفت سُست روی اور غیر یقینی کا شکار ہوجاتی ہے کیوں کہ عبوری حکومتوں کے پاس اہم فیصلوں کا مینڈیٹ نہیں ہوتا۔

ایرانی قونصل جنرل کا دور وہ عرصہ بھی تھا جب ایران اور پاکستان کے تعلقات میں بعض موقعوں پر جوار بھاٹا رہا۔پچھلے سال جنوری میں ایران نے پاکستان کی خودمختاری پامال کرتے ہوئے بلوچستان میں پاک ایران سرحد کے قریب علاقہ پر حملہ کیا۔ایران کا دعویٰ تھا کہ کارروائی جنگجو گروپ جیش العدل کےمبینہ ٹھکانے پر کی گئی تھی تاہم اس میں 2 بچے شہید ہوئے تھے۔

پاکستان نے ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان پر میزائل حملے سے جواب دے کر 9 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا۔پاکستان کا ہدف بلوچستان لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ تھی۔ یہ دہشتگردی کے خلاف دونوں ملکوں کا ٹھوس عزم تھا کہ چند ہی روز میں دو طرفہ تعلقات معمول پر آگئے۔ یہ اسی بہتری کی عکاسی تھی کہ آئیڈیاز سن 2024 میں ایران پہلی بار شریک ہوا۔

حسن نوریان ہی کے عہد میں اُس دور کے وزیر خارجہ امیر عبدالہیان نے پاکستان کا 3 روزہ دورہ کیا جس میں وہ خاص طور پر کراچی بھی آئے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے اراکین سے ملے۔ اسی دورے میں کراچی کی اولڈ کلفٹن روڈ کا نام تبدیل کرکے شاہ راہ امام خمینی رکھا گیا۔

یہ دورہ ایران کے شہید صدر آیت اللہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے 3 روزہ دورہ پاکستان کا پیش خیمہ ثابت ہوا جو وزیراعظم شہبازشریف کی خصوصی دعوت پر آئے تھے۔ان کےساتھ کئی اہم وزرا بھی آئے اور اس دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کی 8 یادداشتوں پر دستخط کیے گئے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم دس ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے کا عزم کیا گیا۔

یہ اس لحاظ سے غیرمعمولی تھا کہ کئی عشروں بعد کسی بھی ایرانی صدر نے کراچی کا بھی دورہ کیا تھا۔انہوں نے صوبائی قیادت اور بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں اور اس موقع پر گورنر سندھ نے انہیں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی۔

حسن نوریان ہی کےدور میں گورنر خراسان بھی بڑے تجارتی وفد کے ساتھ کراچی آئے جبکہ گورنر سندھ نے اہم کاروباری افراد کے ساتھ مشہد کا دورہ کیا۔

کراچی میں ڈپلومیٹک کور کی سربراہی کرنیوالے حسن نوریان نے اس بات پر اظہار تشکر کیا کہ انہیں گورنر سندھ نے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی حد درجے تعاون کیا۔پاکستانیوں سے متعلق حسن نوریان نے کہا کہ پاکستانی عوام کھلے دل کے مالک اور فطرتاً سخی ہیں۔

حسن نوریان کیلئے کراچی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ وہ سن دوہزار کے عشرے میں بھی کراچی میں تعینات رہ چکے ہیں۔ اُسی دور میں ان کا بیٹا امیر علی ایرانی قونصل خانے کے سامنے واقع نجی اسپتال میں پیدا ہوا تھا۔اس طویل اور گہرے تعلق نے حسن نوریان کے گھر میں پاکستانی کھانوں کا رواج بڑھایا۔ آج بھی ان کی اہلیہ گھر میں چلو کباب ہی نہیں ذائقہ دار بریانی بھی بناتی ہیں۔ حسن نوریان نے کہا کہ اب عشروں سے پاکستان کی ثقافت ان کے اپنے گھر کا کلچر بن چکی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے پیغام دیا کہ مغربی دنیا کی سوچ لوگوں کو منقسم کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ برادر اقوام یا پڑوسی ممالک کے درمیان اختلافات ہوں تو براہ راست مذاکرات کے ذریعے اتحاد، خوشحالی، ہم آہنگی اور استحکام کو فروغ دینا چاہیے۔

حسن نوریان نے کہا کہ عہدے بدلتے ہیں مگر اپنے عوام اور خطے کیلئے ہمارے فرائض دائمی ہوتے ہیں۔بات کا اختتام اردو غزل کے امام میر تقی میر کے اس مصرعہ پر کیا کہ پھر ملیں گے اگر خدا لایا۔

حماس اور امریکا غزہ جنگ بندی معاہدے کے مسودے پر متفق

0

قطر میں  فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف غزہ جنگ بندی معاہدےمسودے پر متفق ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق مجوزہ معاہدے میں 10 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے  60 روزہ جنگ بندی شامل ہے، معاہدے میں دو مراحل میں فلسطینی قیدیوں کی رہائی بھی شامل۔

معاہدے کے تحت 5 یرغمالی جنگ بندی کے پہلے روز اور 5 جنگ بندی کے 60 ویں روز رہا ہوں گے جبکہ امریکی صدر ٹرمپ جنگ بندی معاہدے اور غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا کی ضمانت دیں گے۔

مجوزہ معاہدے میں جنگ بندی کے پہلے روز سے غیر مشروط انسانی امداد کی فراہمی بھی شامل ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف نے معاہدے کا مسودہ منظوری کے لیے اسرائیل کوبھیج دیا ہے۔

دوسری جانب غیر ملکی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے نئی جنگ بندی تجاویز مسترد کر دی ہیں۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ذمہ دار حکومت ایسی تجاویز کو قبول نہیں کرسکتی، حماس جنگ بندی میں دلچسپی نہیں رکھتی۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے 18 مارچ کو غزہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے  غزہ میں دوبارہ بمباری شروع کردی تھی۔

غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 54 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

پاکستان ایران کے سول جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے، وزیراعظم

0

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان پرامن مقاصد کے لیے ایران کے سول جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک ایران کا دورہ کرکے دلی خوشی ہوئی، ایران کو ہم اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، ایرانی صدر کے ساتھ تعمیری اور مفید بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے ساتھ تجارتی، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں، دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر مسعود پزشککیان نے ٹیلیفون کرکے خطے میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا، ان کے پاکستانی عوام کے لیے جذبات پر مشکور ہوں، ایرانی وزیر خارجہ بہترین سفارت کار ہیں جن سے اسلام آباد میں بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے پانی کے مسئلے، انسداد دہشت گردی کے معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن جارحیت ہوگی تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے، مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان برادر ہمسایہ ملک ہے، دونوں ملکوں کے دہائیوں پر محیط ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں، او آئی سی کے پلیٹ فارم پر دونوں ملکوں کا مؤقف یکساں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست، معیشت، بین الاقوامی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی، سرحدی علاقوں میں انسداد دہشت گردی سے متعلق قریبی تعاون ضروری ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، خطے کی ترقی اور خوشحالی امن سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان فلسطین کاز کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، فلسطین میں ہونے والی نسل کشی پر عالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔

وزیراعظم کی ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات، ایران کی حمایت پر اظہار تشکر اور دورہ پاکستان کی دعوت

0

تہران میں وزیراعظم شہباز شریف کی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک ایران اسٹریٹجک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

 نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اعلامیےکے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے بھارت کی جارحیت اور  توسیع پسندانہ عزائم  پر بریفنگ دی اور ایران کی حمایت پر ایرانی سپریم لیڈر سے اظہار تشکرکیا۔

وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر کو بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے آگاہ کیا اورکہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں رہا ہے، پاکستان ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانےکے لیے پرعزم ہے۔

وزیر اعظم نے جوہری مذاکرات میں ایرانی قیادت کی بصیرت کی تعریف کی، وزیر اعظم نے علامہ اقبال سے آیت اللہ خامنہ ای کی محبت کا خصوصی ذکر کیا اور پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

آیت اللہ خامنہ ای کی طرف سے وزیراعظم کی خطے میں امن کوششوں کی تعریف کی گئی، آیت اللہ خامنہ ای نے پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لیے خصوصی دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای مسلم دنیا کی ایک عظیم شخصیت ہیں، امتِ مسلمہ آیت اللہ خامنہ ای کی رہنمائی اور سرپرستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اقوام متحدہ کا بچوں کو عمر قید کی سزا دینے والے اسرائیلی قانون پر اظہار تشویش

0

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ماہرین نے اسرائیل میں منظور کیے گئے اس قانون پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جس کے تحت 12 سال کی عمر کے بچوں کو بھی عمر قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ماہرین نے کہا کہ یہ قانون بچوں کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کی ممکنہ خلاف ورزی ہیں، اسرائیل نے اس کنونشن کو  اکتوبر 1991 میں تسلیم کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے ماہرین نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کے دو نئے انسدادِ دہشتگردی قوانین انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ ان میں ایک قانون کے تحت 12 سالہ بچوں کو عمر قید دی جاسکتی ہے جبکہ دوسرے قانون کے تحت بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے دی جانے والی امداد کو معطل کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ نے نومبر 2024 میں ایک قانون میں ترمیم کی، جس کے تحت کسی بھی بچے کو جو قتل یا اقدامِ قتل جیسے جرم میں ملوث ہو اور اگر اس جرم کو دہشتگردی قرار دیا جائے یا وہ کسی دہشتگرد تنظیم کے مقاصد کے حصول کے لیے کیا گیا ہو تو عدالت اسے عمر قید کی سزا سنا سکتی ہے۔

اقوام متحدہ کے ماہرین نے نشاندہی کی کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی قوانین پہلے ہی 12 سالہ فلسطینی بچوں کو جیل بھیجنے کی اجازت دیتے ہیں۔

ماہرین نے اس اقدام کو انسانی حقوق، خاص طور پر فلسطینی بچوں کے حقوق کی شدید خلاف ورزی قرار دیا۔

وسائل ، جدید ٹیکنالوجی اور تکنیکی مہارتوں کے بل بوتے پر دفاع کے لیے پر عزم: ایران

0

ایران کی بری فوج نے اپنی دفاعی تیاریوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ذہنی تربیت کے ذریعے مضبوط کرنے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے۔ تہران میں منعقدہ ایک تقریب میں بریگیڈیئر جنرل کیومرس حیدری نے بتایا کہ ایران کی فوج ہر سطح پر جدید ہتھیاروں اور دفاعی نظام سے لیس ہے جن میں خاص طور پر مائیکرو ڈرونز اور جدید سینسر شامل ہیں جو آپریشنز اور انٹیلی جنس کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی فورسز کو سپریم لیڈر خامنہ ای کی قیادت میں تین بنیادی اصولوں یعنی ولایت پر مبنی قیادت، انصاف اور میرٹوکریسی کے تحت چلایا جا رہا ہے جہاں میرٹوکریسی کے ذریعے اہل اور قابل افراد کو اہم ذمہ داریاں دی جاتی ہیں تاکہ انصاف کا قیام یقینی بنایا جا سکے۔

ایرانی فوج نے سرحدی تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے مشرقی سرحدوں پر دہشت گردوں کی دراندازی، اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی کو روکنے کے لیے اب تک 103 کلومیٹر دیوار تعمیر کی ہے جبکہ 140 کلومیٹر کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ یہ منصوبہ سرحدوں کے مجموعی طور پر 400 کلومیٹر حصے کو محفوظ بنانے کے لیے جاری ہے اور اس میں زیادہ تر مقامی طور پر تیار کیے گئے جدید سینسرز بھی شامل ہیں جو سرحدی نگرانی کو بہتر بناتے ہیں۔

مزید برآں 2019 میں قائم کیے گئے "ایویلیوایشن اینڈ گروتھ سینٹر فار ہیومن کیپیٹل” نے فوجی کمانڈرز کی ذہنی تربیت پر خصوصی توجہ دی ہے جس میں تہران یونیورسٹی کی ماہر نفسیات نے تخلیقی سوچ اور تنقیدی تجزیے کی تربیت فراہم کی ہے تاکہ فوجی حکمت عملیوں میں جدت اور نئی جہت آئے۔ یہ اقدامات ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کی غرض سے کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مؤثر اور بروقت جواب دیا جا سکے۔

ایرانی فوج کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ اگر کوئی دشمن مٹی میں ملانے کی کوشش کرے گا تو ایرانی فوج اس کا منہ توڑ جواب دے گی اور ملک کی حفاظت کے لیے ہر ممکن وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ اس طرح ایران کی بری فوج نے جدید دور کی جنگوں کے تقاضوں کے مطابق اپنی تیاریوں کو مکمل کر لیا ہے تاکہ ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔