اتوار, جون 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 6

غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری، مزید 31 فلسطینی شہید

0

غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔

غزہ میں امداد کے لیے جمع فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی ٹینکوں سے گولا باری اور فائرنگ سے کم سے کم 31 فلسطینی شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رفح میں نتزاریم راہداری پر خوراک کی تقسیم کے امریکی مرکز پر ہزاروں فلسطینی جمع تھے۔

اس موقع پر اسرائیلی ٹینکوں کی جانب سے گولا باری اور فائرنگ کی گئی۔

حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے ایمبولینسوں کو زخمیوں تک رسائی روک دی۔

نئی قائم کی جانے والی غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن نے پیر سے کام کا آغاز کیا تھا، تب سے اب تک اسرائیلی فوج امداد لینے کے لیے آئے افراد پر 4 بار حملے کرچکی ہے۔

دوسری جانب امریکا نے اپنی پیش کردہ غزہ جنگ بندی کی تجویز پر حماس کے جواب کو ناقابلِ قبول قرار دے دیا۔

حماس کا کہنا ہے کہ مجوزہ معاہدے میں مستقل جنگ بندی کو یقینی نہیں بنایا گیا۔

امریکی تجویز میں فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے 10 اسرائیلی یرغمالیوں اور 18 اسرائیلی لاشوں کے تبادلے کی بات کی گئی ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ اُس نے امریکا کو مثبت جواب دیا ہے لیکن مستقل جنگ بندی اور غزہ سے مکمل اسرائیلی انخلا کی ضمانت مانگی ہے۔ 

بھارت کو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے نہیں دیں گے: وزیراعظم شہباز شریف 

0

کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ  بھارت کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، بھارت کو پانی کو  بطور  ہتھیار  استعمال کرنے نہیں دیں گے۔

کمانڈاینڈاسٹاف کالج کوئٹہ میں افسران سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمانڈاینڈ اسٹاف کالج نے ہمیشہ شاندار خدمات سرانجام دیں،  دوست ملکوں سے آئے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، آپ کی یہاں موجودگی ہمارے  بہترین تعلقات کی عکاس ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ہماری خودمختاری اور سالمیت کی محافظ ہیں،   بھارت نے پہلگام واقعےکی آڑ میں جارحیت کی کوشش کی،  پاکستان نے بھارتی جارحیت کا صرف جواب نہیں دیا، بازی بھی پلٹ دی، آرمی چیف نےثابت کیا کہ وہ فیلڈ مارشل کے رینک کے حقدار  ہیں، ائیر چیف  مارشل  ظہیر بابر نے بھارتی طیارے گرا کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو ثابت کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کو میدان جنگ اور سفارتی محاذوں پربھی شکست کا سامنا کرنا پڑا،  بھارت کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، بھارت کو پانی کو بطور ہتھیار  استعمال کرنے نہیں دیں گے، بھارت نے جارحیت میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، آئندہ بھی کوئی مہم جوئی ہوئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج عام محاذ کے بجائے مختلف جہتوں میں صلاحیتوں کا امتحان ہے، مسلح  افواج  نے تمام امتحانوں کے لیے بہترین خدمات انجام دیں، ہماری مسلح افواج نے بہترین خدمات سرانجام دیں، ائیرفورس نے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا،7 ہائی ویلیو اہداف کو نشانہ بنایا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث تاریخی کامیابی ملی، حکومت اور عوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں، اللہ نے ہمیں شاندار فتح سے نوازا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش خطرات صرف روایتی جنگ تک محدود نہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدے سے معیشت کو استحکام ملا، معاشی استحکام کے لیے بنیادی سطح پر اصلاحات کی ضرورت ہے، معاشی بہتری سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئی ہے، مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجٹ تک آگئی ہے۔

عمران خان کا حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان

0

راولپنڈی: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، احتجاجی تحریک کا مرکز اسلام آباد نہیں ہو گا بلکہ ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں دیوار کے ساتھ لگایا گیا ہے، ہمارے پاس سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی آپشن نہیں بچا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک بھر میں احتجاج کریں گے جسے میں جیل سے لیڈ کروں گا، بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاجی تحریک سے متعلق تمام ہدایات میں جیل سےدوں گا۔ 

ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے مجھےذمہ داری دی ہے کہ احتجاجی تحریک کا پلان بنا کر دوں، بانی پی ٹی آئی سے آئندہ ملاقات پر احتجاجی تحریک کا پلان پیش کروں گا، وکلا اور پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد منصوبہ بندی کریں گے۔

سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی بہت سنجیدہ ہیں، اب جو تحریک چلے گی ایسی پہلےکبھی نہیں چلی ہو گی، بانی پی ٹی آئی نے کہا اس دفعہ تحریک کو نتیجہ خیز بنانا ہے، تحریک چلانے میں رکاوٹیں آتی ہیں لیکن ہمیں بھی طریقے آتے ہیں۔ 

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا چند دنوں میں احتجاجی تحریک کی حکمت عملی تیار ہو جائے گی، اگلی ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی خود ذمہ داریاں تفویض کریں گے، بانی پی ٹی آئی نے پارٹی لیڈرشپ کے بارےمیں کہا کہ ان پر اعتماد ہے لیکن تحریک وہ لیڈخودکریں گے۔

بیرسٹر علی ظفر کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں عدلیہ اور ایگزیکٹو سےکوئی ریلیف نہیں مل رہا، 5 جون کو سماعت ہوتی ہے یا نہیں یہ سوالیہ نشان ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ ریلیف ملےگا۔

فرانسیسی صدر یہودی ریاست کیخلاف صلیبی جنگ میں مصروف ہیں: اسرائیلی وزارت خارجہ

0

اسرائیل  نے فرانسیسی صدر میکرون پر  یہودی ریاست کے خلاف صلیبی جنگ  جاری رکھنےکا الزام عائد کردیا۔

اسرائیلی وزارت  خارجہ کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ فرانسیسی صدر میکرون کی یہودی ریاست کے خلاف صلیبی جنگ جاری ہے، صدر میکرون کو حقائق سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

اسرائیلی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا کہ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کی ناکہ بندی نہیں ہے اور امداد پہنچانے کے لیے اسرائیل سہولت فراہم کر رہا ہے۔

اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ حماس پر دباؤ ڈالنےکے بجائے میکرون انہیں فلسطینی ریاست کا انعام دینا چاہتے ہیں اور اسرائیل پر  پابندیاں لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب  اسرائیلی وزیر دفاع نےکہا ہےکہ ہم فلسطین کے مغربی کنارے میں یہودی اسرائیلی ریاست قائم کریں گے، صدر میکرون اور ان کے ساتھیوں کے لیے ہمارا واضح پیغام ہےکہ وہ فلسطین کو کاغذ کے ٹکڑے پر تسلیم کریں گے اور ہم یہاں زمین پر اسرائیلی ریاست قائم کریں گے۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز فرانسیسی صدر میکرون نے کہا تھا کہ  وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے حمایت کرسکتے ہیں اور  غزہ میں انسانی امدادی صورت حال بہتر نہ ہوئی تو فرانس اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیاں عائدکرسکتا ہے۔

فرانسیسی صدرکا کہنا تھا کہ اگر ہم غزہ کو مکمل طور پر اسرائیلی رحم وکرم پر چھوڑ دیں تو ہم اپنی ساکھ کھو دیں گے۔ میکرون نے فلسطینیوں کو جبری طور پر بے گھر کرنے کے اسرائیلی منصوبے کی سختی سے مذمت کی اور کہا کہ فلسطینی ریاست کو شرائط کے ساتھ تسلیم کرنا ایک اخلاقی فرض ہے۔

کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

0

کوئٹہ کے علاقے نواں کلی سرہ غڑگئی میں دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں 7 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے بعد ہی حتمی طور پر بتایا جائے گا۔

افغانستان کا بھی اسلام آباد میں افغان ناظم الامور کی حیثیت کو سفیر کے درجے تک بڑھانے کا اعلان

0

افغانستان نے پاکستان کے سفارتی مشن کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

گزشتہ روز نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان میں اپنے سفارتخانے کو سفیرکی سطح پراپ گریڈکرنے کا اعلان کیا تھا۔

افغانستان نے پاکستان کے سفارتی مشن کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ 

افغان وزارت خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں افغان ناظم الامور کی حیثیت کو سفیر کے درجے تک بڑھایا جائے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی راہ ہموار ہوگی۔

پاکستان کی حمایت پر بھارت کا کولمبیا سے مایوسی کا اظہار

0

پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی حمایت کرنے پر بھارت نے کولمبیا کی حکومت سے مایوسی کا اظہار کر دیا۔ 

بھارت کے کُل جماعتی سفارت کاری وفد کے سربراہ ششی تھرور نے کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کولمبیا نے پاکستان میں بھارتی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں سے تو دلی تعزیت کی لیکن بھارت میں ہلاک ہونے والوں سے ہم دردی نہیں دکھائی، اس پر انہیں سخت افسوس ہے۔ 

پاک بھارت جنگ کے دوران جب کسی بھی ملک نے بھارت کی حمایت نہیں کی تب نئی دہلی کو احساس ہوا کہ وہ پوری دنیا میں تنہائی کا شکار ہو گیا ہے۔ 

اپنی عالمی سفارت کاری کو ناکامی سے نکالنے کے لیے بھارت نے ایک اعلیٰ سطح کا کُل جماعتی وفد دنیا بھر میں روانہ کر رکھا ہے جس کا کام دنیا کو بھارتی مؤقف کا یقین دلانا ہے۔

صدرِ مملکت نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کر دیے، سخت سزائیں نافذ

0

اسلام آباد : صدر مملکت آصف زرداری نے کم عمر بچوں کی شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کر دیے، جس کے تحت کم عمر بچوں کی شادی کرانے کا جرم ناقابل ضمانت ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری نے 18 سال سے کم عمری کی شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کر دیے۔

سینیٹ اورقومی اسمبلی نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کا بل منظور کیا تھا ، قومی اسمبلی میں بل شرمیلا فاروقی،سینیٹ میں شیری رحمان نے پیش کیا تھا۔

قانون کے تحت نکاح خواں ایسا نکاح نہیں پڑھائے گا، جہاں فریق 18سال سےکم عمرہوں، خلاف ورزی پر نکاح خواں کو ایک سال قید اورایک لاکھ جرمانہ ہوسکتاہے۔

18سال سے بڑی عمر کے مرد کو کم عمر لڑکی سے شادی پر 3 سال تک قیدبامشقت ہوگی اور کم عمری کی شادی کا علم ہونے پر اسے روکنے کا حکم دے گی۔

کم عمر بچوں کی شادی کرانے کا جرم ناقابل ضمانت ہوگا، عدالت کیس کی کارروائی 90روز میں مکمل کرےگی،نیا قانون

18سال سےقبل ساتھ رہنےکو بچے سےزیادتی تصور کیا جائےگا اور کم عمرمیں شادی پرمجبور کرنیوالےکو7سال تک قیداور10 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔

بچے کی شادی کیلئے ٹریفکنگ پر 7سال تک قیداور جرمانہ جبکہ کم عمر بچے کی شادی میں معاونت پر 3سال تک قید اور جرمانہ ہوگا۔

خیال رہے اسلامی نظریاتی کونسل کم عمری کی شادی کے بل کو غیراسلامی قراردے چکی ہے، کونسل نے18 سال سے کم عمر کی شادی پر سزاؤں کو غیر اسلامی قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیں : اسلامی نظریاتی کونسل نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کا بل غیراسلامی قرار دیدیا

اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ شادی کیلئےعمر کی حد مقرر کرنا شرعی اصولوں کےخلاف ہے، جہیز سے متعلق دباؤ، مطالبات بھی غیراسلامی ہیں۔

اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین راغب حسین نعیمی کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کے بل کو غیراسلامی قراردیدیا، بل کونسل کو پارلیمنٹ یا سینیٹ کی جانب سے جائزے کےلیے نہیں بھیجا گیا تھا۔

بل قومی اسمبلی اورسینیٹ نے منظور کیا تھا، اسلامی نظریاتی کونسل کا مؤقف مختلف ہے، ’’کم سنی کی شادی کےامتناع‘‘ بل کا مسودہ شرمیلافاروقی نے قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔

یہ بل سینیٹ یا قومی اسمبلی نے نہیں بھیجا بلکہ اسلامی نظریاتی کونسل نے خود جائزہ لیا ہے، خیبر پختونخوا حکومت کا کم عمری کی شادی کا بل بھی کونسل نے غیراسلامی قراردیا۔

کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ "امتناع ازدواج اطفال بل” شریعت سے متصادم ہے، دونوں بلوں میں عمر کی حد مقرر کرنا اسلامی احکامات کے خلاف ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ 18سال سے کم عمر کی شادی کو زیادتی قرار دینا اسلام کےخلاف ہے، کم عمری کی شادی پر سزائیں مقرر کرنا بھی اسلام کے مطابق نہیں، اسلامی نظریاتی کونسل نے کم عمری کی شادیوں کی خرابیوں کی نشاندہی بھی کی۔

کونسل نے نکاح سے پہلے تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ لازمی قرار دینے کی تجویز مسترد کردی، تھیلیسیمیا ٹیسٹ کو اختیاری رکھنے اور عوامی شعور اجاگر کرنے کی سفارش کی گئی۔

کونسل کا مؤقف تھا کہ جہیز سے متعلق لڑکی والوں پر دباؤ اور مطالبات غیراسلامی ہیں، اجلاس میں والدین کو رسم ورواج سے بالاتر ہوکر فیصلے کرنے کی تلقین کی گئی۔

شادی کے بعد خواتین کو شوہر یا والدین کے علاقے کا ڈومیسائل رکھنے کا اختیار ہونا چاہیے، قانون جانشینی کی دفعات 15 اور 16 میں ترمیم کی تجویز پیش کی گئی جبکہ وزارت مذہبی امور کے بل 2025 میں ترامیم کی تجاویز پیش کی گئیں۔

کونسل نے کےپی حکومت کا امتناع ازدواج اطفال بل 2025 شریعت سے متصادم قراردیا، نیب کی جانب سے سرمایہ کاری اسکیموں اور مضاربہ سے متعلق سوالات پر شرعی رائے دی گئی۔

فرانسیسی صدر نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ’اخلاقی فرض‘ قرار دے دیا .

0

فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے عنقریب فلسطین کو شرائط کے ساتھ تسلیم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا اخلاقی فرض قرار دے دیا۔

غیر ملکی میڈیاکے مطابق سنگاپور میں ایمانویل میکرون نے کہا کہ اگر اسرائیل غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر مناسب اقدامات نہیں اٹھاتا تو یورپی ممالک کو اس کے خلاف اجتماعی مؤقف سخت کرنا چاہیے۔

غزہ میں بھوک کے بڑھتے ہوئے بحران اور اسرائیل پر بین الاقوامی دباؤ بڑھتے ہوئے فرانسیسی صدر نے کہا کہ اگلے چند گھنٹوں اور دنوں میں کارروائی کی ضرورت ہے۔

ایمانویل میکرون نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ پابندیاں لگائیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینی ریاست کو شرائط کے ساتھ تسلیم کرنا صرف اخلاقی فرض ہی نہیں بلکہ ایک سیاسی ضرورت بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرانس امید کرتا ہے کہ کچھ شرائط کے تحت فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی تحریک شروع ہوگی جس میں حماس کی غیر فوجی کارروائی اور اسرائیل کے وجود اور تحفظ کے حق کو تسلیم کرنا شامل ہے۔

دو ماہ سے زائد اسرائیلی ناکہ بندی کے بعد غزہ میں امداد کی واپسی شروع ہونے کے باوجود انسانی صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔ غذائی تحفظ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پانچ میں سے ایک شخص بھوک کا شکار ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے بھی اپنے فوجی حملے میں شدت پیدا کر دی ہے جس کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ یہ حماس کو تباہ کرنے کیلیے ایک نیا دباؤ ہے۔

سعودی عرب: عازمین حج کیلیے 24 گھنٹے مفت ہیلپ لائن کا آغاز

0

سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور کی جانب سے عازمینِ حج کے استفسارات کا جواب دینے اور انھیں مذہبی رہنمائی فراہم کرنے کے لیے مفت ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے قائم کی گئی اس ٹول فری ہیلپ لائن کا نمبر (800 2451000) ہے اور یہ سروس، عازمینِ حج کے لیے ہفتے کے ساتوں دن اور 24 گھنٹے فعال رہے گی۔

رپورٹس کے مطابق یہ سروس دس زبانوں میں رہنمائی فراہم کرے گی جن میں عربی، اردو، انگریزی، فرانسیسی، ترکی، بنگلہ، ہاؤسا، انڈونیشائی، امراہک (حبشہ کی زبان) اور ہندی زبان شامل ہیں۔

عازمینِ حج کے لیے مفت ہیلپ لائن، وزارت کے ان انیشی ایٹیوز میں سے ایک ہے جن کا مقصد حج کے ارکان کی ادائیگی کے لیے اسلامی اصولوں کے مطابق سہولت پیدا کرنا ہے۔

اس سے قبل سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں عازمین کے لئے بڑی برقی گاڑیوں کی سہولت کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

مسجد الحرام میں یہ سہولت بزرگ اور معذور افراد کے علاوہ تمام عازمین کے مناسک کی ادائیگی کو آسان بنانے کے لیے ہے۔

رپورٹس کے مطابق برقی گاڑیوں کی سہولت یکساں نقل و حمل پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، جہاں طواف کے لیے برقی گاڑی 100 ریال میں دستیاب ہے اور اسی قیمت پر سعی کے لیے بھی جبکہ معذور افراد کے لیے یہ خدمت مفت فراہم کی جاتی ہے۔