اتوار, جون 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 5

پاکستانی وفد کی اقوام متحدہ میں چین، روس سمیت کئی ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں، پاکستان کا مؤقف پیش کیا

0

پاکستان کے سفارتی وفد نے اقوام متحدہ میں چین، روس کے مندوبین اوردیگر کئی ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں وفد نے اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کانگ، روسی مندوب سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ڈنمارک، یونان، پاناما، صومالیہ، الجزائر، گھانا، جاپان، جنوبی کوریا، سیرا لیون اور سلووینیا کے نمائندوں نے پاکستانی وفد سے ملاقات کی جس میں بلاول بھٹو نے بے بنیاد بھارتی الزامات کو منتخب اراکین کے سامنے مسترد کیا۔

بلاول کا کہنا تھاکہ بغیر کسی تحقیق یا شواہد کے پاکستان پر الزام تراشی ناقابلِ قبول ہے، شہری علاقوں پربھارتی حملے، سندھ طاس معاہدے کی معطلی خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے لہٰذا عالمی برادری جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے تنازع سے قبل حل تلاش کرے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے منتخب اراکین نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔

پاکستانی وفد کی چینی مندوب سے ملاقات

چین کے مندوب فو کانگ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین  بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں آنے والے پاکستانی سفارت وفد سے ملاقات کی۔

پاکستان مشن نیویارک میں ہوئی اس ملاقات میں بھارت کی حالیہ جارحیت کے بعد جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں پربات چیت کی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی اشتعال انگیزی کے دوران چین کی غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے 22 اپریل 2025 کو پہلگام حملے کے بعد کی صورتحال سے چینی فریق کو آگاہ کیا اور بھارت کے جارحانہ رویے کے مقابلے میں پاکستان کے ذمہ دارانہ اور محتاط طرز عمل کو اجاگر کیا۔

بلاول بھٹو نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کی جانب سے غیر جانبدار، شفاف اور آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کو بھارت نے مسترد کر دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے جموں و کشمیر کے تنازع کا حل ناگزیر ہے اور چین پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کثیر الجہتی تعاون اور بات چیت کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے۔

بلاول بھٹو نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعات کو مینج کرنے سے آگے بڑھ کر ان کے مستقل حل کی طرف قدم بڑھائے تاکہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن ممکن ہو سکے۔

وفد نے بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر بلاجواز حملوں، جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنانے، پاکستان میں دہشت گردی کی مالی معاونت اور حمایت میں ملوث ہونے اور سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے جیسے اشتعال انگیز اقدامات کی تفصیلات سے بھی چینی قیادت کو آگاہ کیا۔ وفد نے پانی کو ہتھیار بنانے کو بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا۔

دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جارحانہ اقدامات اور یکطرفہ فیصلے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں اور ان کی سختی سے مخالفت کی جانی چاہیے۔

فریقین نے پرامن طریقے سے تنازعات کے حل، کثیر الجہتی تعاون، اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی پاسداری، معاہدوں کے تقدس اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ بھارت کی عاقبت نااندیش کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں، مقبوضہ جموں وکشمیر حل طلب تنازعہ اور علاقائی امن کی راہ میں فالٹ لائن ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان جنگ بندی اور علاقائی استحکام کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کے چارٹر کےتحت پرامن حل نکالا جانا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے نیونارمل قرار دی جانیوالی جارحیت کے خطرناک رجحان کومسترد کردے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد، واشنگٹن، لندن اور برسلز بھی جائے گا جہاں عالمی اداروں، ارکان پارلیمان، تھنک ٹینکس اور میڈیا سے رابطے کرے گا۔ 

ڈیفنس میں با اثر شخص کا نوجوان پر سرعام تشدد، بہن معافیاں مانگتی رہی

0

کراچی : شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس میں با اثر شخص کی جانب سے نوجوان پر سرعام تشدد کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، متاثرہ شخص اور اس کی بہن نے بار بار معافی کی درخواست کی لیکن اس کا کوئی اثر نہیں لیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈیفنس کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں ایک شہری پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

ویڈیو میں ایک با اثر شخص کو لڑکی کے سامنے نوجوان پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے، لڑکی اور نوجوان کو بچانے کیلئے معافیاں مانگ رہی ہے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے کہا کہ واقعہ کس وجہ سے ہوا اور کس جگہ ہوا اس کی تحقیقات کررہے ہیں، ابھی تک کسی نے پولیس کو واقعے کی اطلاع نہیں دی ہے، سوشل میڈیا سے واقعے کا علم ہوا تحقیقات کررہے ہیں۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ فوٹیج میں تشدد کرنے والے با اثر شخص کی شناخت سلمان فاروقی کے نام سے ہوئی ہے، سلمان فاروقی اور اس کے گارڈ نے شہری پر تشدد کرکے قانون کو ہاتھ میں لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری پر تشدد کرنے والا شخص سلمان فاروقی بائیونک فلمز نامی اشتہاری کمپنی کا سی ای او ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ بااثر ملزم کی گرفتاری کیلیے اس کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا تاہم ملزم کا دفتر بند ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی شکایت پولیس کو نہیں دی گئی، فیملی کی بھی تلاش جاری ہے،
ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

کراچی: ڈیفنس خیابان اتحاد میں موٹر سائیکل سوار نوجوان پر تشدد کرنے والا ملزم سلمان فاروقی کو گرفتار کرلیا گیا۔

 گزشتہ روز کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں کار اور موٹر سائیکل میں تصادم کے بعد کار سوار بااثر شخص آپے سے باہر ہوگیا اور نوجوان کو اس کی بہنوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا۔

واقعے کی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد پولیس بھی ایکشن میں آگئی اور واقعے کا مقدمہ درج کرکے بااثر شخص کے سیکیورٹی گارڈ، ڈرائیور اور گھریلو ملازم کو حراست میں لے لیا اور ایک گاڑی بھی تحویل میں لے لی تھی۔

کابینہ میں عدم شمولیت پر پیپلزپارٹی کے تحفظات، شہبازشریف اور بلاول کی اہم ملاقات طے پاگئی

0

اسلام آباد(اوصاف نیوز)وفاقی کابینہ میں توسیع کے بعد پیپلزپارٹی کے مسلم لیگ ن کی قیادت کے فیصلوں پر تحفظات تھے کیونکہ پیپلزپارٹی کو کابینہ میں شامل نہیںکیا جاسکا، ان تحفظات کو لیکر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کرینگے، یہ اہم ملاقات کل اسلام آباد میں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح حکومتی اتحادی اجلاس بھی ہوگا جس میں حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سربراہان شریک ہوں گے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے کل بلاول بھٹو بھی آسلام آباد پہنچیں گے، بلاول بھٹو وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح حکومتی اتحادی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

اجلاس میں حکومت کے انتظامی معاملات زیر بحث آئیں گے جبکہ بلاول بھٹو حکومت سے معاہدوں پر پارٹی تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔ پنجاب میں ترقیاتی فنڈز کی عدم فراہمی سمیت اہم معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔

صدرپاکستان سے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی ملاقات، آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ

0

راولپنڈی(نیوزڈیسک)صدرپاکستان آصف علی زرداری سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی ملاقات، صدارتی منصب سنبھالنے پر مبارکباد ۔ دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی کی لعنت کو قوم کے تعاون سے جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا۔ جنرل ساحر شمشاد نے صدر آصف علی زرداری کو ملکی سکیورٹی صورتحال اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوںپر بریفنگ دی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ مسلح افواج اندرونی و بیرونی سیکیورٹی چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ صدر مملکت نے قومی سرحدوں کے دفاع ، ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پورا اعتماد ہے کہ سیکورٹی فورسز اندرونی اور بیرونی سیکورٹی چیلنجزپر کامیابی سے قابو لیں گی۔

یوکرین کا سائبیریا میں روسی ائیر بیس پر حملہ، 40 سے زائد طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

0

ماسکو: یوکرین نے روس کے سائبیرین علاقے میں ایک ائیر بیس پر حملے میں جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے بمبار طیاروں کو نشانہ بنایا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یوکرین کا یہ حملہ روسی سرحد کے اندر طویل ترین فاصلے تک کیا جانے والا حملہ ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی غیر تصدیق شدہ ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیلیا ائیر بیس پر روس کے اسٹریٹجک بمبار طیارے  آگ کی لپیٹ میں ہیں۔ یہ طیارے طویل فاصلے پر موجود اہداف پر روایتی اور ایٹمی ہتھیاروں سے حملے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

حیران کن بات یہ ہے کہ یہ روسی ائیر بیس  روسی علاقے ایرکٹسک کے شمال میں واقع ہے اور محاذِ جنگ سے 4 ہزار کلومیٹر سے زائد فاصلے پر ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق کیف میں یوکرینی انٹیلی جنس کے ایک اہلکار نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کی داخلی سکیورٹی ایجنسی ایس بی یو نے ایک بڑے ڈرون حملے میں 40 سے زائد روسی لڑاکا طیاروں کو نشانہ بنایا ہے۔

یوکرینی اہلکار کے مطابق حملے میں جن طیاروں کو نشانہ بنایا گیا اُن میں Tu-95 اور Tu-22 بمبار طیارے شامل تھے، جنہیں روس یوکرین پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق بیلیا ائیر بیس کا شمار ان روسی فضائی اڈوں میں ہوتا ہے جہاں طویل فاصلے تک مار کرنے والے  تیز رفتار بمبار طیارے  Tu-22M تعینات ہیں۔ 

بلوچستان میں امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے دہشتگردوں کو کچل دیا جائے گا: وزیراعظم

0

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فتنۃ الہندوستان جیسے گروہوں کو مقامی حمایت دینا ملک دشمنی ہے اور بلوچستان میں امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے دہشتگردوں کو کچل دیا جائے گا۔

کوئٹہ میں گزشتہ روز بلوچستان کے عمائدین کے جرگے سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ بھارت کی سرپرستی میں بلوچستان میں پراکسی وار شدت اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے دہشتگردوں کو کچل دیا جائے گا، فتنۃ الہندوستان جیسےگروہوں کو مقامی حمایت دینا ملک دشمنی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت، فوج، ادارے اور عوام مل کر دہشتگردی کو انجام تک پہنچائیں گے، دہشتگردوں کے سہولت کار اور مددگار بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھاکہ بلوچستان کی ترقی کیلئے اربوں روپے کے منصوبے جاری ہیں،ثمرات عوام تک پہنچیں گے، قوم، حکومت اور سکیورٹی ادارے شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دوسری جانب جرگے سے خطاب میں آرمی چیف و فیلڈ مارشل عاصم منیر  کا کہنا تھاکہ  بھارتی مداخلت اب چھپی نہیں، بلوچستان میں دہشتگرد نیٹ ورکس کے شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، بلوچستان کا امن پاکستان کے مستقبل کے ساتھ جڑا ہوا ہے اورپاکستانی فوج اور عوام ہر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

بلوچ قبائلی عمائدین نے حکومت اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہبازشریف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسران سے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے پیشہ ورانہ مہارت، اسٹریٹجک تیاری اور قومی سلامتی پر زور دیا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز بلوچستان میں ترقی کے دشمن ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف لندن روانہ

0

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف لندن روانہ ہو گئے ہیں وہ وہاں قیام کے دوران طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آج خصوصی پرواز کے ذریعہ لندن روانہ ہو گئے ہیں۔

نواز شریف کے ہمراہ ان کے صاحبزادے حسن نواز اور ذاتی معالج بھی لندن گئے تھے۔ سابق وزیراعظم لندن قیام کے دوران اپنا مکمل طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق نواز شریف تقریباً 2 ہفتے لندن میں مقیم رہیں گے اور عیدالاضحیٰ اپنے بیٹوں اور اہلخانہ کے ساتھ وہیں منائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم برطانوی وقت کے مطابق نواز شریف شام 6 بجے لندن پہنچیں گے۔

اس سے قبل نواز شریف گزشتہ سال اکتوبر میں لندن گئے تھے اور اب 7 ماہ بعد وہ دوبارہ لندن کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔

مولانا جس کرپشن کی بات کر رہے یہ اس وقت حکومت کا حصہ تھے، انکے لوگوں سے ہی 20 ارب ریکور کیے، بیرسٹر سیف

0

پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے مولانا فضل الرحمان جس کرپشن کی بات کر رہے ہیں اس وقت یہ خود نگران حکومت کا حصہ تھے اور ہم نے 20 ارب روپے ان ہی کے لوگوں سے ریکور کیے ہیں۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا ہمارے اخلاق اور کردار سے ہماری پہچان ہوتی ہے، سکھ مذہب میں تعلیمات انسانیت سے محبت اور اخلاق کا درس ملتا ہے، ہندو مذہب میں بھی اخلاق پر سب سے زیادہ زور دیا گیا ہے، حضرت عیسیٰ علیہ سلام کی تعلیمات سوائے محبت کے کسی پر زور نہیں دیتیں، اسلام کی تعلیمات کا نچوڑ ہی محبت، اخلاق اور بھائی چارہ ہے۔

بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا نوجوان اپنی صلاحیتیں انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کریں، اخلاق کی بنا پر ہم سب ایک ہیں، کوئی اقلیت و اکثریت نہیں ہے، ہم سب میں بہتر وہ ہے جو انسانیت کے لیے کچھ کرے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور باقی تانگہ پارٹیاں ضرور تحریک چلائیں، شوق سے تحریک چلائیں لیکن عوام کو ساتھ لےکر آئیں، ایسے ہتھکنڈوں سے بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت ختم نہیں ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم تحریک بھی چلائیں گے، عوام کو شعور بھی دیں گے، عوام کو شعور دیں گے کہ حقیقی آزادی سے ان کو کوئی نہیں روک سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ دو دن پہلے ہمارے چترال کے ایم این اے کو سزا دی گئی، اپنا زور آزماؤ، عوام ہمارے ساتھ ہیں، بانی پی ٹی آئی ہمیشہ سے تحریک کے قائد رہے ہیں، میں نہیں سمجھتا پارٹی قیادت ناکام ہوئی ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا مولانا جس کرپشن اسکینڈل کی بات کرتے ہیں اس وقت یہ خود نگران حکومت کا حصہ تھے، مولانا کے لوگ ٹھیکے اور کمیشن لےکر تجوریاں بھر رہے تھے، ہم نے 20 ارب کے قریب چوری شدہ رقم آپ ہی کے لوگوں سے وصول کی ہے۔

ان کا کہنا ہے خیبر پختونخوا کا بجٹ 13 جون کو پیش کیا جائے گا، صوبائی بجٹ میں عوام کو بھرپور ریلیف ملے گا، ہمارا خزانہ بھرا ہوا ہے، ہم نے صوبے کے وسائل جائز طریقے سے لاہور بار کو دیے، لاہور بار کے وکلا کی جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں ہیں۔

آج کی نسل علیحدگی کا درد نہیں جان سکتی ، پاکستان اور بنگلا دیش کو قریب لانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے: صدر  آصف علی زرداری

0

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم بطور سفیر پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، حالیہ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی۔

آصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم بھی اعلیٰ معیار کا کھیل پیش کر رہی ہے، میں اس نسل سے تعلق رکھتاہوں جس نے ہمیں علیحدہ ہوتے دیکھا، آج کل کی نسل علیحدگی کے درد کی کیفیت کو نہیں جان سکتی، کسی بھی طرح ہمیں اس درد کا مداوا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگالی قوم خطے کی امیر ترین قوموں میں سے تھی، پاکستان اور بنگلا دیش کو قریب لانے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہوگا، مل کر ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے دونوں ممالک کے عوام خوشحال ہوں۔

صدر آصف علی زرداری  کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش دنیا میں ایک کامیاب ملک کے طورپر جانا جاتا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی طرح بنگلا دیش کو بھی وسائل سے نوازا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کی نوجوان نسل کو باہمی رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے، کھیل باہمی رابطوں کا اہم ذریعہ ہے۔

امریکا نے جنگ بندی پیشکش پر حماس کے ردعمل کو ناقابل قبول قرار دیدیا

0

امریکی صدر ڈونلڈ  ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ میں خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف نے کہا ہےکہ جنگ بندی کی پیشکش پرحماس کا ردعمل ناقابل قبول ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم  حماس کی جانب سے غزہ جنگ بندی کا امریکی منصوبہ مسترد کیے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے اسٹیو وٹکوف (Steve Witkoff) نے کہا ہے کہ جنگ بندی کی پیشکش پر حماس کا ردعمل ناقابل قبول ہے، حماس کو جنگ بندی تجویز کو قبول کرنا چاہیے۔ 

اس حوالےسے حماس کے سینئر عہدیدار نے کہاکہ ہم نے جنگ بندی تجویز کو مسترد نہیں کیا، جنگ بندی کی امریکی تجویزپر  اسرائیل کا ردعمل متضاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس سے متعلق امریکی مندوب کا موقف غیر منصفانہ تھا، اسٹیووٹکوف کے موقف سے ظاہر ہوتاہےکہ ان کا جھکاؤ اسرائیل کی طرف ہے۔

واضح رہے حماس نے غزہ جنگ بندی کی امریکی تجاویز کے جواب میں مستقل جنگ بندی اور اسرائیلی فوج کے انخلا کی شرائط برقرار رکھی تھیں۔