نئی دہلی: احمد آباد میں مسافر بردار طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پر ائیر انڈیا کے چیف ایگزیکٹو کا بھی ردعمل سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ائیر انڈیا کے سی ای او کیمبل ولسن نے نشاندہی کی کہ AI171 کے حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں تباہ شدہ طیارے یا اس کے انجن میں کسی قسم کا کوئی مکینیکل یا مینٹیننس کا مسئلہ نہیں ملا۔
سی ای او ائیر انڈیا کے یہ ریمارکس ائیر لائن کے ملازمین کو لکھے گئے ایک خط میں سامنے آئے جس میں میڈیا کی قیاس آرائیوں، افواہوں اور نظریات کی تردید کی گئی ہے جو گزشتہ چند ہفتوں میں سامنے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی قیاس آرائیوں پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے میں تجویز کرتا ہوں کہ ہم یہ نوٹ کریں کہ ابتدائی رپورٹ میں ہوائی جہاز یا انجنوں کے ساتھ کوئی مکینیکل یا مینٹیننس کے مسائل نہیں پائے گئے، مینٹیننس مکمل تھی، ایندھن کے معیار میں کوئی مسئلہ نہیں تھا اور ٹیک آف رول میں کوئی غیر معمولی بات نہیں تھی، پائلٹس کی طبی حالت سے متعلق بھی کوئی غیر معمولی بات نہیں تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت کے ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیو رو کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حادثہ دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث پیش آیا ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایندھن کنٹرول کرنے والے دونوں سوئچز ایک سیکنڈ کے فرق سے یکے بعد دیگرے "CUTOFF” پوزیشن میں چلے گئے تھے ، ایندھن کی سپلائی منقطع ہونے سے انجن بند ہوا اور جہاز نیچے آنے لگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جون میں بھارتی شہر احمد آباد میں ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا، حادثے میں 260 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔