تہران: غیرمعیاری پیٹرول کی وجہ سے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو ٹیکسی میں سفر کرنا پڑ گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ایرانی صدر ایران کے شہر تبریز جا رہے تھے، اس دوران قافلے کی 3 گاڑیوں میں قزوین صوبے کے پیٹرول اسٹیشن سے پیٹرول ڈلوایا۔
تاہم پانی ملے پیٹرول کے باعث گاڑیاں خراب ہوگئیں اور قافلہ درمیان میں رُک گیا جس کے بعد ایرانی صدر نے مقامی حکام کو اطلاع دیے بغیر خود ہی ایک نجی ٹیکسی کا انتظام کیا اور تبریز پہنچے۔
اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ تحقیقات کے مطابق، مذکورہ پیٹرول پمپ پانی ملا ناقص پیٹرول فراہم کر رہا تھا اور اس کے خلاف پہلے بھی اسی قسم کی خلاف ورزیوں کی شکایات درج ہو چکی ہیں۔
ایرانی نیشنل آئل پروڈکٹس ڈسٹری بیوشن کمپنی نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس پیٹرول پمپ کے خلاف ماضی میں ایندھن کے معیار پر شکایات موصول ہو چکی تھیں، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وہ اسٹیشن اب تک کیوں فعال ہے۔
ابھی تک صدارتی دفتر یا وزارتِ تیل کی جانب سے اس واقعے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔