بھارت نے پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے 5 مقامات پر میزائل فائر کردیے جس میں سویلین آبادی اور مساجدکو نشانہ بنایا گیا، بھارتی حملے میں 2 شہری شہید ہوگئے۔
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز( ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے پاکستان پر 5 جگہوں کو نشانہ بنایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دشمن نے کوٹلی، احمدپور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے میں حملے کیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے احمد پور شرقیہ بہاولپور میں مسجد سبحان اللہ پر حملہ کیا، بھارتی بزدلانہ حملے میں مسجد میں سویلینز کو نشانہ بنایا گیا۔
بھارت کے بزدلانہ حملے میں 2 شہری شہید
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کوٹلی میں بھارتی حملے میں 2 شہری شہید ہوئے جبکہ احمد پور میں 12 شہری زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے شرمناک حملہ کیا۔بھارت کے حملے کا جواب دیا جائےگا،میزائل حملے کے نقصان کا تخمینہ لگایاجارہا ہے، پاکستان وقت کا تعین کر کے بھرپور جواب دے گا۔
اس سے قبل سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں ایک معصوم بچہ شہید جبکہ ایک عورت اور ایک مرد شدید زخمی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے رات کے اندھرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں ٹارگٹ کیا، پاکستان کی طرف سے جوابی کاروائی شروع ہو چکی ہے۔
ایک، ایک معصوم پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جاے گا:سکیورٹی ذرائع
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائیہ اور پاک فوج بھارتی بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، معصوم پاکستانیوں کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جاے گا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے ابھی تک صرف سویلین اور معصوم پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا گیا، تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کے صرف معصوم اور نہتے پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا گیا، ایک ایک معصوم پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جاے گا۔
بھارتی وزارت دفاع کی پاکستان میں حملوں کی تصدیق
بھارتی وزارت دفاع نے پاکستان میں حملوں کی تصدیق کردی ہے۔
بھارتی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا ہے۔
ائیراسپیس بند، تمام پروازیں منسوخ
بھارت کی جانب سے حملے کے بعد ایئراسپیس کو بند کردیا گیا اور تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیراسپیس کو 48 گھنٹے کیلئے بند کیا گیا جس کا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی کا پس منظر
22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا تھا۔
گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا تھاکہ بھارت کے ساتھ تصادم ناگزیر ہوگیا ہے، تصادم کسی بھی وقت ہوسکتا ہے۔