چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر اراکین سے حلف لینے کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسپیکر کےپی اسمبلی کو منتخب ممبران سے حلف لینے کے لیے کہا، اسپیکر کی جانب سے حلف نہ لیے جانے پر الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی، گورنرخیبر پختونخوا سے بھی درخواست کی گئی کہ اجلاس بلائیں تاکہ سینیٹ کاالیکشن کرایا جا سکے۔
خط میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ سے اجلاس طلب کرنے اور ممبران کے حلف سے متعلق درخواست کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا، آج خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا لیکن کورم کی نشاندہی کر دی گئی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آج کےپی اسمبلی میں خواتین اور اقلیتی نشستوں کے منتخب ارکان نے عہدے کا حلف نہیں لیا، الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس ہائی کورٹ کو ایک مراسلہ ارسال کیا تھا، مراسلے میں درخواست کی گئی تھی کہ کسی مناسب فرد کو حلف برداری کے لیے نامزد کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب گورنر خیبر پختونخوا مخصوص نشستوں کا حلف لیں گے، مخصوص نشستوں کےمنتخب ارکان سے حلف برداری کے وقت کا اعلان گورنر ہاؤس خود کرےگا۔
الیکشن کمیشن نے آئی جی کے پی، چیف سیکرٹری اور آئی جی ایف سی کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے، فول پروف سکیورٹی ہو تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔