راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا ہے، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیے گئے ہیں اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
جڑواں شہروں میں کل رات سے اب تک 250 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں، راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد میں نالوں کے بھرنے کے سبب متعدد راستوں پر ٹریفک کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 20 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 19 فٹ ہو گئی جبکہ دریائے سواں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے سے پل زیر آب آ گیا۔
پنڈی میں کل رات سے اب 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ اسلام میں سب سے زیادہ بارش آئی 12 میں 186 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند، قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت
نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے جبکہ ریسکیو ، واسا، سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
نالہ لئی، کٹاریاں اور گوالمنڈی میں انخلاء کی وارننگ جاری کر دی گئی ہیں، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح بلند ہونے سے قریبی آبادی کو خطرہ ہے، شہری احتیاطاً محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ
غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور راولپنڈی میں مقامی سطح پر چھٹی کا اعلان کر دیاگیا ہے، نالہ لئی کے اطراف نشیبی علاقوں کے رہائشی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ نالہ لئی کے اطراف جمع ہونے اور نہانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شوسل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
مریم نواز نے لکھا کہ سرکاری ادارے جذبے اور انتہائی محنت سے کام کر رہے ہیں، انتظامیہ کو عوام کو بذریعہ سائرن اور اعلانات آگاہ رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام سے اداروں کے ساتھ تعاون کی اپیل کرتے ہوئے حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی درخواست کی ہے۔
سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے فوج سے مدد طلب
ایم ڈی واسا نے ٹرپل ون بریگیڈ سے بھی رابطہ کیا ہے اور ترجمان کا بتانا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں پاک فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
بارش کا پانی گھروں میں داخل
موسلا داھر بارش کے باعث شاہ پور اور راولپنڈی اسلام آباد کو ملانے والا پل پانی میں ڈوب گیا جبکہ پولیس فاؤنڈیشن گلی نمبراے فائیو میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ ادھر چکری روڈ گاؤں لادیاں میں سیلاب کے باعث ایک فیملی بچوں سمیت چھت پر پھنس گئی جسے نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر پہنچ گیا ہے۔
ادھر جہلم میں رات سے جاری بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہے، ضلعی انتظامیہ نے سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کےلیے فوج سے مدد طلب کرلی ہے۔
راولپنڈی میں ایک روز کی چھٹی کا اعلان
موسمیاتی حالات کے پیش نظر، ضلع راولپنڈی میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے چھٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جس میں عوام سے اپیل کی گئی ہے گھروں میں رہیں اور غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں۔
محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشگوئی
آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بھی رات گئے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، شدید بارش کے باعث دریائے نیلم اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔