اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام کے دوران نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ کی یاد میں منائے جانے والے پروگراموں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی سمیت تمام مسالک کے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام شریک ہوئے۔
علامہ عارف واحدی نے عزاداری سے متعلق درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھے جو فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام مسالک کے مقدسات کا احترام یقینی بنایا جائے اور عزاداروں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔
اجلاس میں بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ آخر میں وفاقی وزیر نے متفقہ ضابطۂ اخلاق پیش کیا، جسے تمام شرکاء نے سراہا۔ اس موقع پر امریکہ و اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کی گئی اور ایران سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔