جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف جنگ میں ہم ایران کے ساتھ ہیں۔
جے یو آئی کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ نے چمن میں ایک نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے واضح طور پر کہا ہے کہ اسرائیل امریکا کا بغل بچہ ہے اور ایران اسرائیل جنگ میں ہم ایران کے ساتھ ہیں۔
حافظ حمد اللہ نے مزید کہا کہ اسرائیل جہاں دوڑتا ہے، پاگل کتے کی طرح کاٹنے کے سوا کچھ نہیں کرتا۔ امریکی صدر ٹرمپ کی سپورٹ سے اسرائیل کی بربریت جاری ہے۔ وہ فلسطین میں ڈیڑھ سال سے ظلم اور بربریت کر رہا ہے۔ فلسطین میں 60 ہزار مسلمانوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔ ان مظالم میں اقوام متحدہ کہاں ہے؟
جے یو آئی رہنما نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا ایران پر ایٹمی ہتھیاروں کا الزام لگا رہے ہیں جب کہ بین الاقوامی ادارہ آئی اے ای اے واضح کہہ چکا ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھی کہا ہے کہ ان کے پاس کیمیائی ہتھیار نہیں ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ او آئی سی نے آج تک مظلوم مسلمانوں کے لیے آواز نہیں اٹھائی۔ اسرائیل کے خلاف جنگ میں اگر ایران کو شکست ہوئی تو یہ پاکستان کے لیے مشکلات کا آغاز ہوگا۔