اسلام آباد(نیوزڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے 18 ستمبر کو ہونے والے بورڈ اجلاس کا شیڈول جاری کردیا، تفصیلات کے مطابق پاکستان جسے معاشی سہارے کی اشد ضرورت ہے کو آئی ایم ایف نے 18 ستمبر کو ہونیوالے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں کیا ۔
آئی ایم ایف ویب سائٹ کے مطابق ملاقاتیں 9، 13 اور 18 ستمبر کو ہوں گی۔ تاہم پاکستان کی 7 ارب ڈالر قرض کی درخواست جو کہ 37 ماہ کے پروگرام کا حصہ ہے، ان ملاقاتوں میں زیر بحث نہیں آئے گی۔
جولائی میں پاکستان اور آئی ایم ایف نے اس 37 ماہ کے قرضہ پروگرام پر اتفاق کیا تھا۔ آئی ایم ایف کے مطابق، پروگرام کا مقصد پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور ترقی کے لیے بہتر حالات پیدا کرنے میں مدد کرنا ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے ایک بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ پروگرام پاکستان کو معاشی استحکام برقرار رکھنے، مہنگائی کو کم کرنے، زیادہ رقم بچانے اور کاروبار کی ترقی کی حوصلہ افزائی کیلئے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔
دریں اثنا، پاکستان کی حکومت بھی چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک سے 12 بلین ڈالر کے قرضے حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔